سچ کو مسخ کیا جانا آج کے دور کا بڑا چیلنج ہے،صدر زداری

معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق،معلومات تک بروقت اور درست رسائی شہریوں کو با اختیار بناتی ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے معلومات تک رسائی کو ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق قرار دیا ہے۔ کہا جھوٹی خبروں کے ذریعے سچ کو مسخ کیا جانا موجودہ دور کا بڑا چیلنج ہے۔صدر مملکت نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ معلومات کا آزادانہ بہائو شفافیت، جوابدہی اور اچھی حکمرانی کو فروغ دیتا ہے۔ غلط معلومات اور جعلی خبروں کے ذریعے سچ کو مسخ کیا جانا آج کے دور کا بڑا چیلنج ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ جعلی خبروں کا پھیلا ئوقومی یکجہتی اور اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور درست معلومات کی فراہمی کو جمہوری استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ کہا معلومات تک بروقت اور درست رسائی شہریوں کو با اختیار بناتی ہے۔