نوید نے 15 پر کال دی کہ نامعلوم ڈاکو دو لاکھ، موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے
دورانِ تفتیش ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا،خود ہی واقعے کا ماسٹر مائنڈ نکلا
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ جوہر ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والا شخص پولیس کے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نوید مبارک نے 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ نامعلوم ڈاکو گن پوائنٹ پر اس سے دو لاکھ روپے سے زائد نقدی، موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن کیاتاہم دورانِ تفتیش ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا۔ جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کی مدد سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ واقعہ جھوٹا تھا اور کال دینے والا خود ہی اس واقعے کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔ایس ایچ او جوہر ٹاؤن کے مطابق ملزم نجی کمپنی میں ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے رقم ہڑپ کرنے کے لیے جھوٹی ڈکیتی کی کہانی گھڑی۔ پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کے گھر سے چھپائی گئی رقم برآمد کر لی۔ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے کہا کہ 15 پر جھوٹی کال دینا سنگین جرم ہے، اس طرح کے واقعات نہ صرف پولیس کے وسائل ضائع کرتے ہیں بلکہ حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں تاخیر کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت موجود ہے، شہری صرف حقیقی ایمرجنسی میں ہی 15 پر کال کریں۔