ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے دو ملزم گرفتار

ایمرجنسی 15 پر جھوٹی کال، مقدمات درج، قانونی کارروائی شروع
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے ڈکیتی کی جھوٹی ایمرجنسی 15 کال کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق کاہنہ پولیس نے ملزم مدثر کو سنٹرل پارک جبکہ فیصل ٹاؤن پولیس نے ملزم عزیز کو مولانا شوکت علی روڈ سے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اطلاع دی تھی کہ دو موٹر سائیکل سوار اسلحہ کے زور پر نقدی اور سونا چھین کر فرار ہوگئے ہیں، تاہم ابتدائی تحقیقات میں دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ ایمرجنسی 15 پر جھوٹی اطلاع دینا سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔