پاک،بھارت جنگ : 7 ’بالکل نئے طیارے‘ مار گرائے گئے، ٹرمپ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ایک بار پھر کہا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر فوجی کشیدگی کے دوران سات ’بالکل نئے اور خوبصورت طیارے‘ مار گرائے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا کہ اْن کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرِف کی وجہ سے انہوں نے بہت سی جنگیں روک کر دنیا کی بڑی خدمت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے، ان کی مختصر جھڑپ میں 7 بالکل نئے اور خوبصورت جہاز مار گرائے گئے۔امریکی صدر نے کہا کہ میں نے بھارتی وزیر اعظم مودی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی کہا کہ ’دیکھو، اگر تم لوگ لڑائی کرو گے تو ہم کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔