8جنگیں رکوائیں‘9ویں جنگ بھی جلد ختم کرائیں گے‘پاک بھارت جنگ کے دوران11طیارہ گرائے گئے‘غزہ کے لوگوں کا روشن مستقبل چاہتے ہیں:امریکی صدر

شہبازشریف کو پسند کرتا ہوں فیلڈ مارشل بہت بڑے فائٹر ہیں ڈونلڈ ٹرمپ
 فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک عظیم انسان، اعلیٰ سپہ سالار  ہیں‘ انھوں نے جنگ رکوانے اور لاکھوں زندگیاں بچانے پر میری تعریف کی تھی، شہباز شریف بھی میری جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے رہتے ہیں
بورڈ آف پیس میں بہت سے پیارے ملک شامل ہیں ،  سب قیام امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں،  امن کیلئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا، اہداف کے حصول کیلئے اس کے علاوہ کوئی فورم نہیں:بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہے اجلاس میں شریک تمام شرکا ء  کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پائیدار امن کیلئے بورڈ آف پیس اہم فورم ہے۔غزہ بورڈ آف پیس کا اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں ہورہا ہے جہاں سعودی وزیر خارجہ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیراعظم شہباز شریف ، انڈونیشیا،قطر، یواے ای ،آذربائیجان اور غزہ بورڈ آف پیس کے دیگر رکن ممالک بھی اجلاس میں شریک ہیں۔یہ اجلاس جنگ بندی کے بعد غزہ کے انتظامی و بحالی امور کی نگرانی کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی خصوصی دعوت پر شریک ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افتتاحی خطاب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریفوں کے پْل باندھ دیئے۔امریکی صدر نے کہا  پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک عظیم انسان، اعلیٰ سپہ سالار اور ٹف فائٹر ہیں۔ انھوں نے جنگ رکوانے اور لاکھوں زندگیاں بچانے پر میری تعریف کی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کو بہت پسند کرتا ہوں۔ وہ بھی میری جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے رہتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مارکوروبیو ،اسٹیو وٹکوف نے جیرڈکشنر نے غزہ کیلئے بہت کام کیا، بورڈ آف پیس میں بہت سے پیارے ملک شامل ہیں ، ہم سب قیام امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں، ہمیں امن کیلئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا، اہداف کے حصول کیلئے بورڈ آف پیس کے علاوہ کوئی فورم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں نویں جنگ بھی ختم کرانے کے قریب ہیں، کچھ جنگیں 35،کچھ 32سال سے جاری تھیں،دنیا میں امن سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ ہوا۔ان کا کہناتھا کہ میں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ رکوائی، پاک بھارت جنگ میں 11طیارے گرائے گئے، پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخص ہیں، فیلڈ مارشل بہت بڑے فائٹر ہیں، میں شہبازشریف کو بہت پسند کرتا ہوں، جنگ کے دوران ڈیل کرانا مشکل کام ہوتا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران وزیراعظم شہباشریف سے تعلقات مضبوط ہوئے۔ پاک بھارت جنگ میں بہت شدت آرہی تھی، میں نے اپنا کردار ادا کراتے ہوئے جنگ کو رکوایا، بھارتی وزیراعظم سے کہا جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگاؤں گا۔