وقار الدین سید کو عہدے سے ہٹا دیا ، ان کی جگہ سید خرم علی کو ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا
لاہور(کرائم رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملک کی پرائم نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی میں سرجری کی ابتدا کر دی ہے، سنگین نوعیت کے الزامات کے تحت افسران کی گرفتاری کے بعد نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کا تقرر و تبادلہ کیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ سید خرم علی کو ڈائریکٹر جنرل، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تعینات کر دیاہے۔پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے سینئر پولیس آفیسر سید خرم علی پنجاب حکومت کے ماتحت کام کر رہے تھے۔ اب انہیں وفاق مین واپس بلا کر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے ان تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔وقار الدین سید کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔