غیر قانونی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے پرشکنجہ تیار

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایف آئی آر کا حکم،گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اورپٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب
لاہور( کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افغان سمیت کسی بھی غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں پر ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان پر مسلسل چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ا فغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اورپٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ غیر قانونی طور مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لئے مساجد میں اعلان کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹ کرنے کی ڈیوٹی تفویض کی گئی۔ اس موقع پر تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق کیا گیا۔