ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عائد سٹرکچر ٹیکس سے ریونیو 60کروڑ سے 6کروڑ پر آگیا تھا،کمیٹی رپورٹ
پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بنائی گئی کمیٹی نے صوبائی دارالحکومت میں پراپرٹی سٹرکچر ٹیکس کو غیر قانونی قرار دے کر ختم کرنے کی سفارش کردی ۔ریونیو میں کمی کی وجہ سے پشاور میں پراپرٹی سٹرکچر ٹیکس ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عائد سٹرکچر ٹیکس سے ریونیو 60 کروڑ سے 6 کروڑ پر آگیا تھا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ایس ایم بی آر، سابق ناظم گل زادہ، محمد علی ارباب، حاجی سعید اور ڈی سی پشاور پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی تھی، جس نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سٹرکچر ٹیکس سٹامپ ایکٹ 1899 کے تحت لگایا گیا، جس کے بعد ریونیو 60 کروڑ سے 6 کروڑ پر آ گیا۔ کمیٹی نے ڈی سی کی جانب سے لگائے گئے سٹرکچر ٹیکس کو غیر قانونی قراردے دیا۔