غیر قانونی افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں مریم نواز

 افغانیوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اور پٹرول پمپ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب ‘ نشاندھی کیلئے مساجد میں اعلان کرانے کا حکم
 وزٹ ویزا  یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی‘فیلڈ سروے ہوگا:اجلاس میں فیصلے
لاہور(سپیشل رپورٹر‘کرائم رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرایے پر دینے والوں کے خلاف اندراج مقدمہ یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان پر مسلسل چھٹا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے غیر قانونی طور مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کیلئے مساجد میں اعلان کروانے کی ہدایت کی اور افغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اور پیٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کی۔اجلاس میں پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹ کرنے کے ذمہ دار قرار دئیے گئے، تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کروانے پر بھی اتفاق ہوا۔فیصلہ کیا گیا کہ وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، پاکستان میں غیر قانونی طور پر ملازمت کرنے والے افغانوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔وزیر اعلی پنجاب نے بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی شخص کسی افغان یا غیر ملکی کو پراپرٹی دے گا تو بھرپور ایکشن ہوگا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کیلئے 45 ہولڈنگ سینٹر قائم ہیں، ان کو قیام طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ دی جا رہی ہے، افغان باشندوں کی نشاندہی کیلئے چہرے سے شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے پنجاب میں مقیم افغان باشندوں کا درست ڈیٹا پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو پکڑا جائے کوئی بے گناہ زد میں نہ آئے۔