پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پولیو سے نمٹنے میں تعاون بڑھنے کا عزم

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پولیو سے نمٹنے میں تعاون بڑھنے کا عزم

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر صحت سے ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے میں تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں وزراء نے پاکستان اور افغانستان میں انسدادِ پولیو مہمات کے حوالے سے بات چیت کی اور آئندہ کی مہمات پر غور کیا۔سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک بھر میں بھرپور انسدادِ پولیو اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سال 2025 کے دوران اب تک چار قومی انسدادِ پولیو مہمات کامیابی سے مکمل ہوئی ہیں، جن کے ذریعے 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں تک پولیو ویکسین پہنچائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کی مہمات کے سبب کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم ابھی مشن مکمل نہیں ہوا۔سعودی وفد نے پاکستان کی جانب سے انسدادِ پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی گئی۔