پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کسٹمز امور سے متعلق ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور کسٹمز کے معاملات کو سادہ اور شفاف بنانا ہے۔
یہ معاہدہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی زکوٰۃ، ٹیکس، اور کسٹمز کانفرنس کے دوران دستخط کیا گیا۔پاکستان کے سفیر اور سعودی کسٹمز اتھارٹی کے ڈپٹی وزیر انجینئر عبداللہ احمد نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے کسٹمز کے طریقہ کار کو ہموار کرنا اور اداروں کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانا ہے۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک اپنے کسٹمز کے نظام میں بہتری لانے، تجربات کا تبادلہ کرنے، اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔کانفرنس میں 70 سے زائد ورکشاپس اور مذاکراتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جس میں 90 کے قریب مقامی اور عالمی اداروں کی اعلی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف حکومتی، کاروباری اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے مشاورت کی۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اس معاہدے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا اور کسٹمز کے معاملات میں مزید سہولتیں فراہم ہوں گی۔ اس معاہدے کا دور رس اثر دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔