چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیر کسی سینٹر کو نااہل قرار دے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم آئینی بنچ کے سامنے شبلی فراز کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ہم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔بیرسٹر گوہر کے مطابق، پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی ہوئی تھی، مگر آج سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے ہائی کورٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کرے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل سینیٹ کا الیکشن ہورہا ہے اور ہم نے اس الیکشن کو روکنے کے لیے درخواست بھی دی تھی، مگر عدالت نے کہا کہ ہم مزید پیچیدگیوں میں نہیں جانا چاہتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق، عدالت نے کہا ہے کہ ابھی بھی بہت سے لوگوں کے نااہلی کے معاملات اس سے منسلک ہیں، اور امید ہے کہ ہائی کورٹ میں کیس چلنے کے بعد انہیں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار نہیں کہ وہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیر کسی سینٹر کو نااہل قرار دے۔