اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 9 ارکانِ پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے کر ان کی نشستیں خالی قرار دے دیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، نااہل ہونے والوں میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل اور جنید افضل ساہی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے تحت قومی اسمبلی کی 5، سینیٹ کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستیں خالی قرار دی گئی ہیں۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کی نشستیں بھی خالی ہوگئیں۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ یہ فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
خالی ہونے والی نشستوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
سینیٹ: خیبر پختونخوا سے سینیٹر شبلی فراز کی نشست۔
قومی اسمبلی:
این اے 18 ہری پور سے عمر ایوب
این اے 96 فیصل آباد سے رائے حیدر علی خان
این اے 104 فیصل آباد سے صاحبزادہ حامد رضا
این اے 143 ساہیوال سے رائے حسن نواز خان
این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے زرتاج گل
پنجاب اسمبلی:
پی پی 73 سرگودھا سے محمد انصر اقبال
پی پی 98 فیصل آباد سے جنید افضل ساہی
پی پی 203 ساہیوال سے رائے محمد مرتضیٰ اقبال
الیکشن کمیشن کے مطابق، ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔