کراچی میں بغیر لائسنس موٹر سائیکل پر سخت کارروائی، جرمانہ اور چالان کا اعلان

کراچی میں بغیر لائسنس موٹر سائیکل پر سخت کارروائی، جرمانہ اور چالان کا اعلان

ویب ڈیسک: کراچی میں بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔

 ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اب بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے پر 20,000 روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری فوری طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں یا تجدید کروائیں کیونکہ آئندہ کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔پیر محمد شاہ کے مطابق، ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں مہم تیز کر دی گئی ہے۔ کراچی میں موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد بغیر لائسنس کے سڑکوں پر نکلتی ہے، جس سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب ایسے افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، اور اس سے تجاوز کرنے والوں کو اوور اسپیڈنگ پر چالان کیا جائے گا۔پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے جدید فیس لیس ای چالان سسٹم متعارف کروایا ہے، جس کے ذریعے خلاف ورزیاں خودکار طریقے سے ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ پہلے دن ہی اس نظام کے تحت چھ گھنٹوں میں 2,662 چالان جاری کیے گئے، جن کی مجموعی رقم تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے رہی۔

سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے (1,535)، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، اوور اسپیڈنگ پر 419، ریڈ سگنل توڑنے پر 166 اور لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 چالان ہوئے۔پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم میں تکنیکی بہتری جاری ہے تاکہ خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو فوری نوٹس بھیجا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے ای چالان باقاعدگی سے چیک کریں اور جرمانہ کی رقم بروقت ادا کریں، ورنہ ان کا لائسنس معطل یا گاڑیاں ضبط کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیس لیس چالان سسٹم سے پولیس اور شہریوں کے درمیان براہ راست رابطہ کم ہوگا، جس سے شفافیت میں اضافہ اور رشوت ستانی کے امکانات کم ہوں گے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کا مکمل احترام کریں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور اپنی اور دوسرے افراد کی جانوں کو محفوظ بنائیں۔