موٹر سائیکل سواروں پر چالان کی بارش، شامت آ گئی

موٹر سائیکل سواروں پر چالان کی بارش، شامت آ گئی

لاہور: ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر محفوظ پنجاب مہم کے تحت صوبے بھر میں اوور اسپیڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں تیز رفتاری کے خلاف کارروائیوں کے دوران 27 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی مقررہ حدِ رفتار سے تجاوز کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈیجیٹل چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے حدِ رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑیوں کی رفتار کی نگرانی کے لیے مختلف مقامات پر سپیڈ گن مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے بتایا کہ صوبے میں ہونے والے تقریباً 30 فیصد ٹریفک حادثات اوور اسپیڈنگ کے باعث پیش آتے ہیں۔ تیز رفتاری نہ صرف ڈرائیورز بلکہ سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کی زندگیوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوور اسپیڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ محفوظ پنجاب مہم کا بنیادی مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور شہریوں کو ٹریفک حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔محمد وقاص نذیر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے سفر کو محفوظ بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔