کور کمانڈر پشاور مبارکباد دینے آئے تھے، میرے پاس عوام کی طاقت ہے سہیل آفریدی

 میرے آفس میں سب آئیں گے تو کور کمانڈر بھی آئیں گے، صوبے کے وزیراعلی اور ملک کے وزیر اعظم کی توقیر ہونی چاہیے
تین ججوں کی حکم عدولی ہوئی،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائرکروں گا:وزیراعلی خیبرپختونخوا
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  کور کمانڈر پشاور مجھے مبارکباد دینے آئے تھے، میں صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، میرے آفس میں سب آئیں گے تو کور کمانڈر بھی آئیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ  کور کمانڈر پشاور وزیراعلی سیکرٹریٹ آئے تھے وہ مجھے مبارکباد دینے آئے تھے، ان سے کوئی آفیشل گفتگو نہیں ہوئی، میں پورے صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، میرے آفس میں سب آتے ہیں تو کور کمانڈر بھی آئیں گے کیوں کہ میں لایا نہیں گیا بلکہ آیا ہوں اور میرے پاس عوام کی طاقت ہے۔ ، چاہتا ہوں کہ صوبے کے وزیراعلی اور ملک کے وزیر اعظم کی توقیر ہونی چاہیے۔ آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔داہگل ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم توہین عدالت کی پٹیشن دے رہے ہیں چونکہ تین ججز کی حکم عدولی ہوئی ہے، ہمارے قائد کے کیسز کی سپریم کورٹ میں سماعت نہیں ہو رہی، ہم سپریم کورٹ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے وکلا سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں آپ آئین کی بالادستی قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انصاف نہیں ہورہا کسی کے ایما پر فیصلے ہو رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں جس دن انصاف ہوگا عمران خان جیل سے باہر ہوگا، میری ملاقات کے نہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے بانی کے پیغامات نہیں مل رہے۔صحافی نے پوچھا کہ آپ کو پیغامات مل رہے ہیں تو پھر کابینہ تشکیل کیوں نہیں ہورہی؟ اس پر وزیراعلی نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ مجھے بانی سے ملنے کیوں نہیں دیا جارہا؟ جب کہ میں عوام کے مینڈیٹ سے یہاں پہنچا ہوں۔