چودھری شجاعت حسین نیہمیشہ رواداری‘ اصولوں پر مبنی‘ مفاہمت اور ملک کی تعمیر و ترقی کی سیاست کی ہے:ملک محمد احمد خان
شجاعت حسین ا‘ شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے مابین احترام کا رشتہ رہا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا:چودھری شافع حسین
لاہور(خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اورچوہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت اور اصولوں پر مبنی سیاست کی تعریف کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاچودھری شجاعت حسین ایک زیرک اور مدبر سیاستدان ہیں۔انہوں نے ہمیشہ رواداری اور اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے۔ ہمیشہ مفاہمت اور ملک کی تعمیر و ترقی کی سیاست کی ہے۔چوہدری شجاعت حسین سے احترام کا رشتہ اور دیرینہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت کی بہت تعریف کرتے ہیں۔سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ پاکستان کو درپیش مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہے۔بھارت نے ماہ مئی میں جارحیت کی جس کا پاکستان کی بہادر افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔بھارت ایسی حماقت دوبارہ کرے گا تو اسے پہلے سے بڑھ کر جواب ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اپنے محکموں میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایاکہ بیرون ممالک ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بار آور ثابت ہورہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے مابین احترام کا رشتہ رہا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا۔