پاک، سعودی عرب دفاعی معاہدے نے ملک کے عالمی تشخص میں اضافہ کیا : 80 فیصد کی رائے
79 فیصد کی معاہدے کی حمایت، 73 فیصد کے مطابق حکومت اور افواج پاکستان پر اعتماد بڑھ گیا
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستانی عوام کی اکثریت نے عالمی افق پر مضبوط اور ابھرتے ہوئے پاکستان کی موثر سفارت کاری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیاہے ۔یہ بات انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی سروے رپورٹ میں پاکستان کی بہترین سفارت کاری سروے رپورٹ میں سامنے آئی ہے ۔آئی پی او آر نے 10 سے 20 اکتوبر کے درمیان مختلف اہم امور پر جامع عوامی سروے منعقد کیا جس میں پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ، وزیر اعظم شہباز شریف و فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ امریکا اور پاک افغان کشیدگی کے موضوعات شامل ہیں۔سروے رپورٹ میں عوام نے عالمی افق پر مضبوط ہوتے اور ابھرتے ہوئے پاکستان پر موثر سفارت کاری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔رپورٹ کے مطابق 80 فیصد عوام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے نے ملک کے عالمی تشخص میں اضافہ کیا ہے، 79 فیصد پاکستانیوں نے معاہدے کی حمایت کی جبکہ 73 فیصد کے مطابق معاہدے سے حکومت اور افواج پاکستان پر اعتماد بڑھ گیا ہے