سرحدوں کی حفاظت کیلئے مسلح افواج پر 82 فیصد رائے دہندگان نے اعتماد کا اظہار کیا :رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستانیوں کی اکثریت ملک کے مستقبل کے حوالے سے پرامید ہے ۔ یہ بات مشعل پاکستان کی پاکستان ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2026 میں کہی گئی ہے ۔ جس میں ریاستی و حکومتی سطح پر شفافیت، احتساب، اداروں پر عوامی اعتماد اور معلومات کے ذرائع سے متعلق شہریوں کی رائے کا جائزہ لیا گیا۔رپورٹ کیلئے ملک کے مختلف علاقوں سے 2 ہزار افراد کی رائے حاصل کی گئی، سروے میں 45 فیصد رائے دہندگان کی عمر 18 سے 25 سال، جبکہ 35 فیصد کی عمر 26 سے 35 سال کے درمیان تھی، تعلیمی اعتبار سے 67 فیصد رائے دہندگان گریجویٹس، 32 فیصد ماسٹرز اور ایک فیصد پی ایچ ڈی تھے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں احتساب کا جامع نظام موجود ہے اور شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حق کے لئے وفاق اور چاروں صوبوں میں قوانین نافذ ہیں، پبلک اکائو نٹس کمیٹی آڈیٹر جنرل کی سالانہ رپورٹس کی بنیاد پر اداروں اور محکموں کا مفصل مواخذہ کرتی ہے۔