اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا‘20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی خبربے بنیاد ہے عطاء اللہ تارڑ

پاکستانی عسکری قیادت کا سی آئی اے اور موساد کے ساتھ کوئی معاہدہ  نہیں ہوا‘پاک فوج اور دفترخارجہ نے کسی فوجی مشن کا اعلان نہیں کیا‘نہ فوج کی تعیناتی پر بات ہوئی
پاکستان کا فلسطینی خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے‘سفاک مودی کی ایما ء پر ریاست نواز گودی میڈیا مضحکہ خیز رپورٹنگ پر اتر آیا ہے:وزیراطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراطلاعات و نشریات نے غزہ میں پاک فوج کی تعیناتی اور اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بھارتی پرپیگنڈے کو بے نقاب کردیا۔انہوں نے بتایا  بھارتی جریدے فرسٹ پوسٹ نے جھوٹا دعویٰ کیا   پاکستانی عسکری قیادت کا سی آئی اے اور موساد کے ساتھ معاہدہ ہوا اور فرسٹ پوسٹ نے معاہدے کے تحت 20ہزار پاکستانی فوجی غزہ بھیجنے کا بھی جھوٹا دعویٰ کیا۔اس دعوے پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا  پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا، اور نہ کسی فوجی تعیناتی پر بات ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور دفترِ خارجہ نے بھی غزہ میں کسی فوجی مشن کی تائید یا اعلان کبھی نہیں کیا۔انہوں نے کہا فرسٹ پوسٹ نے صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نجی اخبار کے جملے سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیے، بھارتی رپورٹ میں شامل ’’انٹیلی جنس لیکس‘‘ اور دعوے  من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔ فرسٹ پوسٹ نے CNN-News18 جیسے حوالہ جات کا استعمال کیا جو ماضی میں غیر مصدقہ اطلاعات شائع کر چکا ہے، پاکستان کا فلسطینی خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا  سفاک مودی کی ایما پر ریاست نواز گودی میڈیا مضحکہ خیز رپورٹنگ کرنے پر اتر آیا ہے۔