اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ ملائیشیا کو گوشت برآمدات سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر جام کمال خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت تجارت، وزارت فوڈ سیکیورٹی، سرکاری و نجی اسٹیک ہولڈرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے ملائیشیا کو گوشت برآمدات کے لیے تیار کردہ حتمی بزنس پلان پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ ہارون اختر خان نے بتایا کہ گوشت برآمدات کے لیے جامع بزنس ماڈل مکمل کرلیا گیا ہے جس کے لیے تمام وزارتوں اور کمیٹی کے اراکین نے بہترین کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیکج تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ہارون اختر خان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت آئندہ 3 سے 5 برس میں 200 ملین ڈالر مالیت کی گوشت برآمدات کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس وقت پاکستان صرف 38 ہزار ڈالر مالیت کا بھینس کا گوشت ملائیشیا کو برآمد کر رہا ہے، جبکہ فوٹ اینڈ ماؤتھ بیماری، پراسیسنگ اور لاجسٹکس کے مسائل برآمدات میں بڑی رکاوٹ ہیں۔