نوازشریف ،شہباز شریف،آصف زرداری کیساتھ بھی یہی ہوا،جیل کے باہر ہلڑ بازی غلط ہے
اپوزیشن کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی، درخواست ہے ان اسمبلیوں کو گالی اور احتجاج کا مرکز نہ بنائیں
لاہور(سپیشل رپورٹر )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے عمران خان کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ جیل قانون کے مطابق ہے،نواز ،شہباز شریف،آصف زرداری کیساتھ بھی یہی ہوا،قانون سازی کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن مل کر کام کریں۔ ان خیالات کاظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جیل مینوئل کے ساتھ کون ٹریٹ نہیں ہوا ان میں نواز شریف اور آصف علی زرداری بھی شامل ہیں، اگر کوئی جیل کے باہر جا کر ہلڑ بازی کرے گا تو غلط ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ کے ساتھ بھی جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہوا، پی ٹی آئی نے ملکی اثاثوں اور املاک کو جلایا اور آج کہتی ہے کہ سیاسی حالات بہت مشکل ہیں، گزشتہ حکومت کیلئے بھی سیاسی حالات مشکل بنا دئیے گئے تھے۔انہوں نے کہا اپوزیشن کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی، درخواست ہے ان اسمبلیوں کو گالی اور احتجاج کا مرکز نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کا مرکز ہے اسے مضبوط کرنا ہوگا، اپوزیشن اور حکومت کو مکالمے کا راستہ نہیں چھوڑنا چاہیے