سب جانتے ہیں بانی کس طرح منہ پر ہاتھ پھیر کر کھانا بند کرنے کی بات کیا کرتے تھے‘علاج کے معاملے میں کسی قسم کا ابہام نہیں،صحت کا معاملہ سیاست سے الگ رہنا چاہیے
حکومت آئین، قانون اور جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی، جو تاثر یہ قائم کرنا چاہتے ہیں یہ خواہش پوری نہیں ہوگی:پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کو آئین اور قانون کے مطابق صحت کی تمام ضروری سہولتیں پہلے بھی فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی دستیاب رہیں گی۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ساتھ اسلام آباد میںپریس کانفرنس کے عوان عطا اللہ تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس پر حکومت نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی، نجی ہسپتال میں علاج سے متعلق بھی نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کبھی کسی کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی، تاہم تاریخ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کی صحت کے معاملات کو سیاسی بحث کا موضوع بنایا۔انہوں نے کہا سب جانتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کس طرح منہ پر ہاتھ پھیر کر کھانا بند کرنے کی بات کیا کرتے تھے، جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے کبھی بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ حکومت اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے آئین، قانون اور جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ جو تاثر یہ قائم کرنا چاہتے ہیں یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔