اسلام آباد: فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب فائرنگ، سی آئی اے کا اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی شہید، کانسٹیبل زخمی

اسلام آباد: فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب فائرنگ، سی آئی اے کا اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی شہید، کانسٹیبل زخمی

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت میں ایک افسوسناک واقعے میں انسداد جرائم سیل (سی آئی اے) اسلام آباد کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سدھیر احمد عباسی فائرنگ کے واقعے میں شہید ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود کانسٹیبل جعفر جہانگیر شدید زخمی ہو گئے۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟
پولیس کے مطابق واقعہ فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جب سی آئی اے اسلام آباد کی ٹیم خطرناک اشتہاری ملزمان کا تعاقب کر رہی تھی۔ اس دوران ملزمان نے بچنے کی کوشش میں اچانک پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔
شدید فائرنگ کی زد میں آ کر اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ کانسٹیبل جعفر جہانگیر کو زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ملزمان کی شناخت اور سرچ آپریشن
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن پر دی جائے۔

نماز جنازہ اور خراج عقیدت
شہید سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اعلیٰ پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور پولیس فورس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید کو پولیس اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی، جس کے بعد ان کی میت کو آبائی گاؤں ٹھلہ (ایبٹ آباد) روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

پولیس فورس کا عزم
پوری پولیس فورس نے شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔