خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن پر زور دار دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ پولیس اسٹیشن کے عقبی حصے میں بارود سے بھری گاڑی کے ٹکرانے سے ہوا، جس کے باعث سنتری پوسٹ اور اسٹیشن کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی آبادی کے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں لرز اٹھیں، اور کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں۔ ایک زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بخت اللہ وزیر کے مطابق اب تک پانچ افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں پانچ پولیس اہلکار شامل ہیں۔ سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقے کو مکمل کلیئر ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا، تاہم مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور مساجد میں فوری امداد کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔آر پی او بنوں کے مطابق بہترین سیکیورٹی اقدامات کی بدولت تھانے پر حملہ ناکام بنایا گیا اور خوارج نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔