وفاقی وزیر سیفران امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں کرپشن کے اسکینڈلز بے نقاب ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے ارکان اپنے ہی وزیراعلیٰ پر چوری کے الزامات لگا رہے ہیں۔
پشاور میں خواتین باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں پشاور، بنوں اور مردان کے علاقے شامل ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کوششوں سے ملک میں امن بحال ہو رہا ہے اور اندرون و بیرون محاذ پر کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جلد خوشیاں لوٹ آئیں گی، اور ملک دشمنوں کا صفایا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو شکست دی گئی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کے مختلف رہنما مختلف موقف رکھتے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت ہمیشہ انہیں ملک کے مفاد میں کام کرنے کی دعوت دیتی رہی ہے۔امیر مقام نے صوبائی حکومت کی جانب سے سرپلس فنڈز ہونے کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ پیسے کہاں سے آئے ہیں اور ضم اضلاع کے لیے اب تک کوئی کام کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سیاسی بنیادوں پر تبادلوں اور ملازمین کو تنگ کرنے کی بھی نشاندہی کی۔