پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور میں عوامی وسائل ضائع کیے گئے، امیر مقام کا الزام

پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور میں عوامی وسائل ضائع کیے گئے، امیر مقام کا الزام

پشاور: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 13 سالہ دورِ حکومت میں عوامی وسائل ضائع کیے گئے، سرکاری خزانے کو جلسوں اور جلوسوں کے لیے استعمال کیا گیا اور ایک قیدی کو چھڑانے کے لیے بھی سرکاری وسائل خرچ کیے گئے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد وفاق اور خیبرپختونخوا ایک پیج پر آگئے ہیں، جبکہ صوبے کی نئی حکومت کے معاملات وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ فریقوں کا مقصد عوام کی بہتری ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی دور کی مبینہ بدعنوانی سامنے لانے کا اعلان
امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال تک پی ٹی آئی کی حکومت رہی اور اب اس دور میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایڈوائزری کونسل اپنا کردار ادا کرے اور مبینہ لوٹ مار، کرپشن اور دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے والوں کے احتساب کے لیے اقدامات کیے جائیں۔وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد صوبے میں اس حوالے سے بڑے احتجاج دیکھنے میں نہیں آئے بلکہ لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ان کے بقول عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال بھی مسترد کردی۔

گورننس کے بجائے جلسوں اور جلوسوں پر توجہ دی گئی، امیر مقام
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں گورننس کے بجائے جلسوں اور جلوسوں پر توجہ دی گئی اور ہر موقع پر وفاق پر چڑھائی کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں کو تحفظ دینا، لوٹ مار اور کرپشن اس دورِ حکومت کا شیوہ بن گیا تھا۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ اب خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے اور انہیں دیگر صوبوں کے برابر سہولیات فراہم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔

پشاور میں کنٹینرز ایک دو روز میں ہٹانے کا اعلان
پشاور میں سڑکوں اور راستوں کی بندش سے متعلق سوال پر امیر مقام نے کہا کہ کنٹینرز کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم انہیں ایک یا دو روز میں ہٹا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید دعویٰ کیا کہ صوبے میں آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔