حنا بیات کا جناح ائیرپورٹ کے واش رومز میں پانی نہ ہونے پر شدید احتجاج

حنا بیات کا جناح ائیرپورٹ کے واش رومز میں پانی نہ ہونے پر شدید احتجاج

ویب ڈیسک:سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے واش رومز میں پانی کی عدم فراہمی پر شدید تشویش اور غصہ کا اظہار کیا ہے۔

 اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ائیرپورٹ کے حالات پر سوالات اٹھائے اور اداروں کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی۔حنا بیات نے کہا کہ آج یومِ تکبیر ہے، ایک ایسا دن جب ہمیں پاکستان کی کامیابیوں اور ترقی پر خوشیاں منانی چاہئیں، لیکن بدقسمتی سے جناح ائیرپورٹ کے واش رومز میں پانی دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور پوچھا کہ ہمارے ائیرپورٹس اور دیگر اداروں کا یہ حال کیوں ہے؟اداکارہ نے کہا کہ جدید اور نئے پروجیکٹس تو بنتے رہتے ہیں، مگر پرانے اور بنیادی مسائل، جیسے کہ بین الاقوامی ائیرپورٹ کے واش رومز میں پانی کی فراہمی، ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اس بات کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ یہ غلطیاں ہیں جنہیں فوری ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔حنا بیات کا کہنا تھا کہ ایسے مسائل ملک کی ترقی اور عالمی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہیں اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔