راجن پور پولیس کا کامیاب آپریشن، ہنی ٹریپ سے اغوا ہونے والے 2 افراد بازیاب

راجن پور پولیس کا کامیاب آپریشن، ہنی ٹریپ سے اغوا ہونے والے 2 افراد بازیاب

راجن پور پولیس نے تھانہ شاہوالی کے علاقے میں چند روز قبل ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیے گئے دو مغوی برکت علی اور ساجد حسین کو کامیابی سے بازیاب کروا لیا ہے۔

پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی، جس کے دوران تھانہ شاہوالی میں ان ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کچہ علاقے میں اغواکاروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں راجن پور پولیس اور کچہ کریمنلز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ کے دوران کچہ کریمنلز مجبور ہو کر مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق مغویوں کی بازیابی پر ان کے ورثاء نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او فاروق امجد اور پولیس ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر شاباش دی ہے۔

ڈی پی او فاروق امجد کا کہنا ہے کہ کچہ کریمنلز کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچہ کریمنلز سادہ لوح لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کر کے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سستی اشیاء، شادی یا گاڑیوں کے لین دین کے لیے کچہ علاقے میں جانے سے گریز کریں تاکہ وہ اس طرح کے جرائم کا شکار نہ ہوں۔