امریکا نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا، سوشل میڈیا سرگرمیوں کی سخت جانچ پڑتال ہوگی

امریکا نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا، سوشل میڈیا سرگرمیوں کی سخت جانچ پڑتال ہوگی

واشنگٹن: امریکا اور چین کے درمیان تعلقات میں ایک اور کشیدگی، امریکی حکومت نے چینی طلبا کے اسٹوڈنٹ ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔مارکو روبیو نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ افراد اور اہم شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے والے چینی اور ہانگ کانگ کے طلبا کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں ان افراد کی ویزا درخواستوں پر مزید سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اب ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی تفصیلی چھان بین کی جائے گی تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی نشاندہی کی جا سکے۔

حکام کے مطابق، گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ نے تمام امریکی سفارت خانوں کو یہ ہدایت جاری کی تھی کہ نئے اسٹوڈنٹ ویزا انٹرویوز کا شیڈول عارضی طور پر بند کر دیا جائے تاکہ درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا پروفائلز کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکومت نے کچھ اہم ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چین کو مصنوعات فروخت کرنے سے بھی روک دیا تھا، جس سے امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پالیسی اقدامات امریکا کی چین کے خلاف وسیع تر اسٹریٹیجی کا حصہ ہیں۔