وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان، عوامی مسائل اور مختلف ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرو بس سروس شروع کرنے اور حالیہ دورہ چین کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے لیے اہم قرار دیا اور خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کریں، تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بنیادی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں دنیا کا ہب بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عوام کو عصری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں، انہوں نے بتایا کہ چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کے علاج کے لیے جدید طریقہ علاج بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرو بسوں کے ذریعے سفر کی سہولت سے علاقے کے عوام کو فائدہ پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف علاقوں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہری زندگی کو آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے اپنی طرف سے حکومت کے اقدامات کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ عوامی خدمت کے لیے کوشاں رہیں گے۔