شہر لاہور میں برائلر گوشت کی قیمتوں کا تعین نہ ہونے کے باعث سیلرز اپنی مرضی سے نرخ مقرر کر کے گوشت فروخت کر رہے ہیں، جس نے عام صارفین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
زندہ مرغی کی قیمتیں سرکاری کاغذات میں کم دکھائی دیتی ہیں، مگر مارکیٹ میں یہ بدستور مہنگی فروخت ہو رہی ہیں، جب کہ بون لیس گوشت کی قیمت 900 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق، لاہور میں برائلر گوشت کی موجودہ قیمت 600 روپے فی کلو ہے، صافی گوشت 700 روپے فی کلو جبکہ بون لیس گوشت کی قیمت 900 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ دوسری طرف زندہ مرغی کی سرکاری ہول سیل قیمت 384 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 420 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ چون کی قیمت سرکاری طور پر 398 روپے فی کلو ہے، مگر مارکیٹ میں اس سے زیادہ نرخ دیکھنے کو ملتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کے دعوے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں اور مارکیٹ میں کوئی مؤثر نگرانی موجود نہیں، جس کی وجہ سے قیمتیں بے قابو ہو رہی ہیں۔تاجروں کا موقف ہے کہ فیڈ، ٹرانسپورٹ اور دیگر متفرق اخراجات میں اضافے کے باعث گوشت کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، لیکن صارفین حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کرے تاکہ مارکیٹ میں استحکام آئے اور عام عوام کو ریلیف ملے۔