پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور خطے میں توازن کا ضامن بنا
28 مئی اور آپریشن بنیان مرصوص بھارت کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی: امیرمر کزی جمعیت اہل حدیث
لاہور ( خصوصی رپورٹر) مر کزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے یوم تکبیر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور بھارتی غرور خاک میں ملانے کے عزم کے اظہار کا دن ہے۔نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت کاایٹمی دھماکے کر کے بغلیں بجانا خطے میں طاقت کے عدم توازن کا باعث بنا جبکہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا جنوبی ایشیا میں قیام امن اور خطے میں طاقت کے توازن کا ضامن بنا۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے یوم تکبیر کے ہیروز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا 28 مئی 1998 کو اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں 6 دھاکے کرکے نہ صرف طاقت کے نشے میں دھت بھارت کاغرور خاک میں ملایا بلکہ دشمن ملک سے زیادہ جوہری طاقت کا مظاہرہ کرکے قوم کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکبیرکا دن نعرہ تکبیر بلند کرنے والی غیور افواج پاکستان ، جوہری پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ حافظ عبدالکریم نے کہا کہ بطور مسلمان اپنے ملک کی حفاظت ،سالمیت اور دفاع ہمارا اولین فرض ہے جس کے لیے ہم ہروقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے جوہری دھماکوں سے ثابت ہونے والی پاکستان کی برتری اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کو ملنے والا غیرمعمولی اور ردعمل بھارت کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔