بھارت کا خیال تھا پاکستان کو رگڑا دے کر اپنی شرائط پر لائیں گے، ہم جنگ کا مومنٹم بڑھا سکتے تھے لیکن ہم نے بریک لگانے والی آپشن سامنے رکھی
بات چیت میں سندھ طاس معاہدہ، کشمیر اور دہشت گردی کا مسئلہ زیر غور آئے گا ، وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلے سے ہم سرخرو ہوئے،وزیردفاع
اسلام آباد (آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی دفاعی کارروائی سے بھارت کی طاقت کا غرور خاک میں مل گیا ہے۔ایک نٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان کو رگڑا دے کر شاید اپنی شرائط پر لائیں گے لیکن بھارت کی طاقت کا غرور خاک میں مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ساکھ پر سوال آچکا ہے، ہم جنگ کا مومنٹم بڑھا سکتے تھے لیکن ہم نے جنگ کوبریک لگانے والی آپشن سامنے رکھی،بات چیت چلے گی تو اس سے راستے نکلیں گے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی بات چیت میں سندھ طاس معاہدہ، کشمیر اور دہشت گردی کا مسئلہ زیر غور آئے گا۔دریں اثناء ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ 27سال قبل جب ایٹمی دھماکوں کے لئے فیصلے کی گھڑی آئی تو وزیر اعظم نواز شریف کو اللہ نے ہمت اور طاقت عطا کی۔ ھم ایٹمی قوت بنے۔ آج پھر فیصلے کی گھڑی آئی تو وزیر اعظم شہباز شریف کو اللہ نے یہ سعادت بخشی پاکستان نے حملہ کیا اور ہم سرخرو ھو۔ پاک افواج زندہ باد ،پاکستان پائندہ باد۔