28 مئی ہماری قومی تاریخ کا یادگار اور فیصلہ کن دن:خالد مگسی

یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور سائنسی قابلیت کا مظہر ہے،وزیر سائنس وٹیکنالوجی 
اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ 28 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار اور فیصلہ کن دن ہے، جب پاکستان نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایٹمی طاقت بننے کا جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور سائنسی قابلیت کا مظہر ہے۔اس موقع پر ہم ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز، اور قومی قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے نے اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔ بطور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کو نہ صرف قومی دفاع بل کہ پرامن ترقی، صنعتی بہتری اور جدید تحقیق کے لیے بھی بروئے کار لاتے رہیں گے۔