وزیر سائنس کی ایرانی سفیر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہاہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین سائنس وٹیکنالوجی کے شعبے میں تعائون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک کے سائنس دانوں اور طلباء کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔جمعہ کو پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر اور نائب وزیر برائے سائنس و تعلیم نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سے ملاقات کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعا ون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلیمی و تحقیق کے میدان میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک کے جامعات کے درمیان تعاون اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے مابین سرحدی تجارت کو آسان بنانے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہاکہ تجارت کے فروغ اور ٹیکنالوجی میں اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر ایرانی حکام سے سائنسی و تعلیمی شعبوں میں دیرپا شراکت داری قائم کرنے اور سائنسی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔