چینی ٹیکنالوجی نے مغرب پر سبقت حاصل کر لی،بیجنگ امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے
بیجنگ (آئی این پی ) سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ چین کی ٹیکنالوجی نے مغرب پر سبقت حاصل کر لی، چین کا جنوبی ایشیا کا حصہ ہونا امن و استحکام کے لیے نیک شگون ہے۔سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت بیجنگ میںبدلتا ہوا عالمی منظرنامہ اور ایشیا کے موضوع پر منعقدہ مکالمے کا انعقاد کیا گیا ۔اعلیٰ سطحی کا نفرنس میں 29ممالک سے تعلق رکھنے والے 250سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور نمائندوں نے شرکت کی جس کی میزبانی چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ نے کی۔ مکالمے میں آئی ڈی سی پی سی کے وزیر لیو جیانچاو، تھائی لینڈ کے سابق سپیکر بوکِن بالا کولا اور منگولیا کے سابق وزیر خارجہ دامدِن سوگتباتار شامل تھے۔ بیجنگ سے یہاں موصولہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے چینی ٹیکنالوجی کی اہم شعبوں بشمول دفاع میں مغربی ٹیکنالوجی پر سبقت حاصل کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین جنوبی ایشیا کا حصہ ہے اورامن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔