مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں‘ ایسے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے‘حملے کرنیوالے شریعت اور افغان امارت کے نافرمان ہیں
ریاستی قیادت کے حکم کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے‘ اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، : کمانڈر سعیداللہ سعید
کابل(آئی این پی )افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید نے فتنۃ الخواج کو انتباہ جاری کیا ہے امیر کے حکم کیخلاف کسی ملک خصوصا پاکستان میں لڑنا جائز نہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سعیداللہ سعید نے فتنتہ الخوارج کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک خصوصا پاکستان میں لڑنا جائز نہیں، مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں۔کمانڈر سعیداللہ سعید نے کہا کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے، جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے، کسی گروہ یا فرد کا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ریاستی قیادت پاکستان نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔