قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے،پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ، اْنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں، ، نسلی یا لسانی نفرت جہالت ہے، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی
بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کررہا ہے، جدیدجنگی حکمت عملی کیساتھ جواب دے رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کراچی میں مختلف مذاہب اورسماجی حلقوں سے خصوصی ملاقات میں تبادلہ خیال
راولپنڈی (آن لائن )پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں سے خصوصی ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کرسکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو اختیار حاصل نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا والہانہ خیرمقدم کیا اور اْن سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں، اور اْنہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں، کیوں کہ قومی اتحاد برابری اور ہم آہنگی سے ہی قائم رہتا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاک فوج جدید جنگی حکمت عملی کے ساتھ دشمن کو جواب دے رہی ہے، نسلی یا لسانی نفرت جہالت ہے، تمام پاکستانی برابر ہیں، متحد رہیں گے تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے۔مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو قابلِ قدر قرار دیا، اْن کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی نشستیں جاری رہنی چاہییں۔