بھارت کو کسی بھی میدان چاہے وہ میزائل، ڈرون، فضائی یا سمندری قوت ہو، تکنیکی برتری حاصل نہیں جس کی بنیاد پر وہ بغیر خطرے کے جوابی حملہ کر سکے
پاکستان ایک مکمل ایٹمی قوت ہے اور کسی بھی محدود جنگ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے: لیفٹیننٹ جنرل(ر) ایچ ایس پناگ کا کالم میں اعتراف
نئی دہلی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے پاکستان کی عسکری صلاحیت کا کھل کر اعتراف کرتے ہوئے جنگ سے خبردار کر دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل ایچ ایس پناگ نے اپنے کالم میں ہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے سیاحوں پر ہونے والا سب سے مہلک حملہ قرار دیا، تاہم انہوں نے بھارتی حکومت کو جذباتی ردعمل سے گریز کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے نریندر مودی کو مشورہ دیا جنگ میں جلدی نہ کریں نقصان بھارت کا ہی ہوگا‘ریٹائرڈ جنرل کا کہنا تھا کہ عوامی دبا میں آ کر کوئی بھی جلد بازی کا فیصلہ بھارت کیلئے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ پاکستان اب بھی ایک فعال ایٹمی ریاست ہے جس کے پاس ہر طرح کی جوابی کارروائی کی قابلِ عمل حکمت عملی موجود ہے۔ان کا مزید کہنا تھا بھارت کو کسی بھی میدان چاہے وہ میزائل، ڈرون، فضائی یا سمندری قوت ہو،ان میں کوئی ایسی تکنیکی برتری حاصل نہیں جس کی بنیاد پر وہ بغیر خطرے کے پاکستان پر جوابی حملہ کر سکے۔انہوں نے اعتراف کیا پاکستان ایک مکمل ایٹمی قوت ہے اور کسی بھی محدود جنگ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔