32 ہزار مساجد و عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے
لاہور ( خصوصی پورٹ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر جمعتہ الوداع کی عبادات اور یوم القدس کے موقع پر پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فرائض ہائی الرٹ ہو کر سرانجام دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات کئے گئے۔ یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے۔ صوبہ بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22 جبکہ سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ جمع الوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر دہشت گرد و شرپسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ مساجد، عبادت گاہوں، پولیس چوکیوں، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مزید بڑھا دی جائے۔ ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ ٹیموں نے مذہبی و حساس مقامات اور مارکیٹوں کے گرد م ئوثر پٹرولنگ کی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں سمیت حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی