ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے لیے جان لیوا کرتب کرنے والے 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، لیاقت آباد پولیس نے دوران پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لیا جنہوں نے فیروز پور روڈ پر ون ویلنگ کی تھی اور شہریوں کو پریشان کر رہے تھے۔ ان ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت لیڈر تنویر، مبین، ماجد اور علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ون ویلنگ ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جس سے نہ صرف ملزمان بلکہ دوسرے شہریوں کی زندگی بھی خطرے میں پڑتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی مناسب تربیت کریں اور انہیں اس طرح کے خطرناک کرتب کرنے سے روکیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کی زندگی کو محفوظ رکھا جا سکے۔