لاہور :علمائے کرام نے تین جان لیوا کھیلوں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کیا ہے۔
فتویٰ میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ کو اسلام میں ممنوع قرار دیا گیا ہے اور ان کھیلوں کو خودکشی کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ علمائے کرام کے مطابق اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے، اس لیے ہر وہ عمل جو انسان کی جان کو خطرے میں ڈالے وہ غیر شرعی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے منع کرتا ہے اور پتنگ کی ڈور، ہوائی فائرنگ نے کئی قیمتی جانیں ضائع کی ہیں۔ پولیس نے حالیہ 20 دنوں میں 151 افراد کو ون ویلنگ کرنے پر گرفتار کیا ہے اور پتنگ بازی کے 150 مقدمات درج کیے ہیں۔ ہوائی فائرنگ کے مرتکب 118 افراد کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔ فیصل کامران نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ان غیر قانونی اور غیر شرعی سرگرمیوں سے روکیں۔