عید کی تیاری، لاہور میں ڈولفن سکواڈ سکیورٹی کے لیے ہائی الرٹ

عید کی تیاری، لاہور میں ڈولفن سکواڈ سکیورٹی کے لیے ہائی الرٹ

ویب ڈیسک: عید کی آمد کے پیش نظر لاہور میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے۔

 لاہور پولیس کا ڈولفن سکواڈ اس دوران خصوصی طور پر ہائی الرٹ پر ہے اور شہر کے اہم تجارتی مراکز، مارکیٹوں، اور بازاروں کے اردگرد سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ایس پی ڈولفن نے اس بات کی تصدیق کی کہ عید کے دوران عوام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پٹرولنگ کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، پولیس کا ایک خاص ٹیم پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عید کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں سے 49 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 44 ون ویلرز ہیں، جنہیں ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور بند روڈ جیسے اہم علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو ساندہ، اڈہ پلاٹ اور برکی سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے پتنگیں، پمپ ایکشن گنیں، گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے ہیں۔لاہور پولیس کی جانب سے گلبرگ، غالب مارکیٹ، ریس کورس، نصیر آباد اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈولفن سکواڈ کی جانب سے عید کے موقع پر سکیورٹی کی صورت حال کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری محفوظ رہیں اور عید کی خوشیاں پرامن طریقے سے منائی جا سکیں۔