ویڈیو: آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ فلسطینی بچوں کی شہادت پر آبدیدہ ہو گئیں

ویڈیو: آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ فلسطینی بچوں کی شہادت پر آبدیدہ ہو گئیں

آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ کیٹ میک نامارا غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے حوالے سے اپنے جذبات کو روک نہ سکیں اور خطاب کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔

 انہوں نے کہا کہ جب ان کا بچہ سکون سے سو رہا تھا، اس وقت وہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ملبے تلے دبے زخمی فلسطینی بچوں کی تصاویر دیکھ رہی تھیں، جو انتہائی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والی تھیں۔کیٹ میک نامارا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس انسانی المیے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور غزہ میں جاری بمباری اور بے گناہ فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو روکنے کے لیے ایک مؤثر ردعمل دکھائے۔غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ انتہائی شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک مزید 15 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

 فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی غزہ میں ڈرون حملے میں نو افراد شہید ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری شامل تھے۔غزہ کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہداء کی مجموعی تعداد 48 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، اور اس کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال نے پورے خطے میں انسانی بحران پیدا کر دیا ہے اور عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔