کولمبیا کی خاتون رکن پارلیمنٹ ای سگریٹ پیتے ہوئے پکڑی گئیں

کولمبیا کی خاتون رکن پارلیمنٹ ای سگریٹ پیتے ہوئے پکڑی گئیں

کولمبیا کی پارلیمنٹ میں حالیہ دنوں میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب کیتھی جووینا نامی خاتون رکن پارلیمنٹ کو صحت کے نظام میں بہتری پر ہونے والی بحث کے دوران ای سگریٹ (ویپ) پیتے ہوئے دیکھا گیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پارلیمنٹ میں صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے ایک گرما گرم بحث جاری تھی، اور اس دوران کیتھی جووینا اپنے نشست پر بیٹھ کر ویپ کا استعمال کر رہی تھیں۔یہ منظر اس وقت منظر عام پر آیا جب کسی نے خفیہ طور پر ان کی ویڈیو بنا لی اور وہ وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں خاتون رکن پارلیمنٹ کو کسی قسم کی پریشانی یا احتیاط کے بغیر ای سگریٹ کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، اور بعض لوگوں نے اس عمل کو پارلیمنٹ میں انتہائی غیر مناسب قرار دیا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ "صحت کی دیکھ بھال سے متعلق میٹنگ کے دوران ای سگریٹ کا استعمال وحشیانہ ہے۔" اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ "انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ پارلیمنٹ میں سگریٹ نوشی نہ صرف پاگل پن ہے بلکہ بے عزتی بھی ہے۔"اس واقعے نے کولمبیا کی پارلیمنٹ میں بحث و مباحثے کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اور رکن پارلیمنٹ کی اس حرکت نے انہیں عوامی سطح پر مشکل میں ڈال دیا ہے۔