آسٹریلیا میں ایک رکن پارلیمنٹ نے اپنے الوداعی خطاب کو زندگی کے یادگار ترین لمحات میں تبدیل کردیا۔
پارلیمنٹ کے ایوان میں آخری خطاب کے دوران انہوں نے اچانک اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کردی، جس پر ایوان میں موجود دیگر اراکین حیران رہ گئے اور بعد ازاں خوشی سے تالیاں بجانے لگے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ ایوان میں اپنے آخری خطاب کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر وہ اپنی سیاسی اور پارلیمانی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے، تاہم خطاب کے دوران انہوں نے اچانک اپنی بات کا رخ ذاتی زندگی کی جانب موڑ دیا۔رکن پارلیمنٹ نے ایوان میں موجود ساتھی اراکین کے سامنے اپنی گرل فرینڈ سے مخاطب ہوتے ہوئے شادی کی پیشکش کی اور سوال کیا کہ کیا وہ ان سے شادی کریں گی؟ ان کی جانب سے اچانک کی جانے والی اس پیشکش نے پورے ایوان کو حیران کردیا۔
اس غیر متوقع موقع پر ایوان میں موجود اراکین کچھ دیر کے لیے حیرت زدہ رہ گئے، تاہم جیسے ہی ان کی گرل فرینڈ نے شادی کی پیشکش قبول کرتے ہوئے ہاں میں جواب دیا تو پارلیمنٹ کا ایوان تالیوں اور خوشی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ساتھی اراکین نے جوڑے کو مبارک باد دی اور اس خوشگوار لمحے میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔ پارلیمنٹ کا ماحول ایک رسمی الوداعی تقریب سے خوشی اور جذبات سے بھرپور تقریب میں تبدیل ہوگیا۔اس دلچسپ واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں رکن پارلیمنٹ کو اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کرتے اور ان کی جانب سے ہاں کہنے پر ایوان میں موجود اراکین کو خوشی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔