جمعتہ الوداع کی رات صیہونی فوج کی غزہ پر بموں کی برسات: مزید 50فلسطینی شہید

 اسرائیلی ٹینکوں کی رفح اور خان یونس میں پناہ گزین کیمپوں پر گولہ باری ،اسی فیصد امدادی سرگرمیاں معطل ،خوراک اور ادویات کا چند دن کا سٹاک رہ گیا،اقوام متحدہ
 لبنان میں بھی ڈرون حملوں کے دوران حزب اللہ کمانڈر سمیت 4 افراد شہیدہوگئے،یمن میں امریکا کے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر 37حملے  
 غزہ؍بیروت؍صنعا(آئی این پی)غزہ میں جمعتہ الوداع کی رات بھی صیہونی فوج نے بموں کی برسات کردی،ایف سولہ طیاروں کی بمباری اور ڈرون حملوں میں 24گھنٹوں کے دوران خواتین وبچوں سمیت مزید 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنوبی غزہ سمیت مختلف علاقوں میں بمباری کی۔ اسرائیلی ٹینکوں نے رفح اور خان یونس میں پناہ گزین کیمپوں پر گولہ باری کی۔ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 50فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں ماں اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والوں متعدد فلسطینیوں کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے شمالی علاقے میں رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا۔ راشن تقسیم کرنے والے مرکز پر بھی بمباری کی گئی۔ اسرائیلی فورسز کے جانب سے غزہ پر مسلسل 12روز سے حملے جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسی فیصد امدادی سرگرمیاں معطل ہیں،خوراک اور ادویات کا چند دن کا سٹاک رہ گیا،انسانی المیہ جنم لینے لگا،برطانیہ اور فرانس کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ۔ادھر لبنان میں بھی ڈرون حملوں کے دوران حزب اللہ کمانڈر سمیت 4افراد کوشہید کردیا گیا۔ دوسری جانب یمن پر امریکی حملے جاری ہیں اور چند گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر 37حملے کیے گئے۔