پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا:چیئرمین سینیٹ

یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ،مسئلے کا دیرپاحل نکالا جانا چاہیے ،یوسف رضا گیلانی
 اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے،پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئر مین سینیٹ نے کہا پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتے آئے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے، پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کے ساتھ ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے امت مسلمہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ ان کو حق خودارادیت حاصل ہو سکے۔