بھارت کو جنگ میں زوردار تھپڑ رسید کیا معاشی میدان میں بھی فتح ملے گی:شہبازشریف
آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور اپنے ساتھیوں سے مل کر گورننس کا ایسا معیار بنائیں جس سے پورے آزادکشمیر میں اس کی خوشبو پہنچے:وزیر اعظم کا باغ میں دانش سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب
کشمیریوں کو حق خودارادیت ضرور ملے گا، یقین ہے وزیراعظم شہبازشریف کی سرپرستی میں وعدے پر عملدرآمد کرائیں گے ،وزیراعظم پنجاب میں شہبازسپیڈ کے نام سے مشہور رہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز نیلام ہونگے، نام اور تھیم تبدیل نہ کرنے کی شرط عائد‘نیلامی کیلئے چار کمپنیاں کوالیفائیڈ، چار سال میں طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کردی جائے گی:شہباز شریف کو بریفنگ
باغ‘اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے افواجِ پاکستان نے 4 روزہ جنگ میں بھارت کو زوردار تھپڑ رسید کیا، پاک فوج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور امریکی رپورٹ نے پاکستان کی جیت پر مہر لگادی، پاکستان کو معاشی میدان میں بھی جلد فتح نصیب ہوگی، آزادکشمیر کی کمیٹی اورحکومت پاکستان کے وفد کے درمیان جو فیصلے ہوئے اس پر پوری طرح عمل پیرا ہوں گے، نومنتخب وزیراعظم آزادکشکمیر فیصل راٹھور اپنے ساتھیوں سے مل کر گورننس کا ایسا معیار بنائیں کہ پورے آزادکشمیر میں اس کی خوشبو پہنچے۔ مقبوضہ کشمیر کو بھی آزادی چاہئے، پاکستان سفارتی سطح پر تب تک آواز بلند کرتا رہے گا جب تک کشمیریوں کا حقوق نہیں مل جاتے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو آزاد جموں و کشمیر کے شہر ہاڑی گہل باغ میں دانش سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مئی میں بھارت سے جنگ ہوئی، ہندوستان کو 4دن کی جنگ میں افواج پاکستان نے زوردار تھپڑرسید کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے کہا پاکستان نے بھارت کے 7نئے نکور جہاز گرائے، امریکی کانگرس کی رپورٹ نے جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر مہر ثابت کر دی۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاک افواج سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتی ہیں، وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم شہبازشریف کی سرپرستی میں وعدے پر عملدرآمد کرائیں گے، وزیراعظم نے کشمیر کا دورہ دانش سکول کا تحفہ دینے سے کیا، وزیراعظم پنجاب میں شہبازاسپیڈ کے نام سے مشہور رہے۔دریں اثناء پی آئی اے کی نیلامی کے لیے چار کمپنیوں نے کوالیفائی کرلیا، 75 فیصد شیئرز نیلام کیے جائیں گے، نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور تھیم تبدیل نہیں ہوگی، چار سال میں طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کردی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کے حوالے سے تمام مراحل تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے پی آئی اے کی فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد بڑھانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے اور کی پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس کو پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے 4 پارٹیز کو پری کوالیفائی کیا گیا ہے، جلد پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے نیلامی ہوگی جس میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نجکاری کے حوالے سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور اس کی تھیم نہیں بدلی جائے گی، بزنس پلان کے تحت 2029 میں پی آئی اے فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائے گی۔